امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، فرانس، جرمنی، یورپی یونین سمیت متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں افغانستان میں خواتین امدادی کارکنوں پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی برادری کے وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں افغانستان میں خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے خواتین کی موجودگی کے بغیر کمزور لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے لاپروہ اور خطرناک فیصلے نے انسانی امداد پر انحصار کرنے والے ہزاروں افغانوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔
عالمی برادری کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ امارت اسلامیہ این جی اوز میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے خواتین کے این جی اوز کیلئے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ لڑکیوں کیلئے یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے دروازے بھی بند کردیئے گئے ہیں۔