قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر، پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ سینئر کرکٹر، بوم بوم آفریدی اُن کے رول ماڈل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر، بوم بوم آفریدی عرف لالا شاہین آفریدی کے عنقریب سُسر بننے والے ہیں۔
حال ہی میں پی ایس ایل کی ٹیم، لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے دو فاسٹ بولرز، بہترین دوست حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کے لیے لاہور کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں ’میٹ اینڈ گریٹ پروگرام‘ منعقد کیا گیا۔
اس دوران ایک مداح نے شاہین آفریدی سے سوال کیا کہ کرکٹ میں وہ کس سے متاثر ہوئے یا کرکٹ کی دنیا میں اِن کا رول ماڈل کون ہے؟
اس سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں ہر کسی کا کوئی نہ کوئی رول ماڈل ہوتا ہے، میرے بھی ہیں، سب سے پہلے بڑے بھائی ریاض آفریدی اور پھر شاہد آفریدی اُن کے رول ماڈل ہیں۔
فاسٹ بولر کے جواب پر جہاں مداحوں نے شور مچا کر شاہین آفریدی کو سسر کا نام لینے پر تنگ کیا وہیں حارث کو بھی مستی سوجھی اور انہوں نے فوراً شاہین سے مائیک لے کر کہا کہ ’کوئی اور ہو نہ ہو، شاہد آفریدی تو ضرور اس کے رول ماڈل ہیں‘۔
بعد ازاں مزید گفتگو کے دوران شاہین آفریدی نے انکشاف کیا کہ میں نے ایک مرتبہ سُسر جی کو آؤٹ کیا تھا، شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کا احساس بہترین تھا کیوں کہ میں نے اپنے رول ماڈل اور ہیرو کو آؤٹ کیا تھا، ہر بندے کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ہیرو کو آؤٹ کرے۔