ایک ساتھ اچھا دکھنے کیلئے شادی کرنا بھی شوبز میں طلاق کی وجہ ہے: منشا پاشا

eAwazفن فنکار

معروف اداکارہ منشا پاشا نے دور حاضر میں اداکار جوڑوں کے درمیان ہونے والی طلاقوں کی شرح بڑھنے اور اپنی پہلی شادی سے متعلق اظہار خیال کیا ہے۔

ایک ویب شو کے دوران گفتگو میں منشا پاشا نے اعتراف کیا کہ ‘مسلسل کام کے باعث اداکار ذہنی تناؤ کا شکار رہتے ہیں، بہت سے اداکاروں کی ذہنی صحت اچھی نہیں، اداکار کیمرے کے سامنے لگاتار اپنے جذبات سے کھیلتے ہیں’۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘اس کا اثر ان کی ذاتی زندگی پر پڑنے لگتا ہے، وہ اپنی حقیقی زندگی کو بھی اداکاری کی طرح دیکھنے لگتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ اداکار ایک دوسرے کو مکمل طور پر جانے اور سمجھے بغیر ہی شادی کرلیتے ہیں، بہت سے لوگ اس لیے بھی یہ کرتے ہیں کیونکہ وہ ساتھ میں اچھے نظر آرہے ہوتے ہیں’۔

منشا پاشانے کہا کہ ‘اگر کسی اداکار اور اداکارہ کی جوڑی کو اسکرین پر پسند کیا جاتا ہے اور مداح ان سے متعلق پسندیدگی کے کمنٹس کرتے ہیں تو وہ صرف لوگوں کی باتوں میں آکر سوچے سمجھے بغیر ہی شادی کرلیتے ہیں’۔

انہوں نے شوبز شخصیات کی جانب سے اپنی ازدواجی زندگی کے مسائل کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے معاملے کو بھی نامناسب قدم قرار دیا اور کہا کہ مداح اس حوالے سے جاننا چاہتے ہیں اسی لیے سوشل میڈیا پر جوڑیوں سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوجاتی ہیں۔

اپنی سابقہ شادی سے متعلق اداکارہ نے کہا کہ جب مجھے لگا کہ یہ شادی نہیں چل سکتی تو میں نے اسے ختم کردیا۔