سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے طلاق کے بعد دوستی کیسے قائم رکھی؟

eAwazفن فنکار

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سابقہ جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں طلاق کے تلخ تجربے کے باوجود دوستانہ تعلق قائم رکھنے پر روشنی ڈالی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر انٹرویو دیتے ہوئے سابقہ جوڑی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے بتایا کہ کیسے اور کیوں دونوں نے طلاق کے بعد بھی اپنے رشتے میں عزت، دوستی اور برابری قائم رکھی ہوئی ہے۔

آنے والی نئی فلم ’بے بی لیشیئس‘ کی پرموشن کے دوران یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’ایک دوسرے سے اچھے تعلقات قائم رکھنے کی اصل وجہ ان کی بیٹی نورے ہے۔

سائرہ یوسف نے تفصیل سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ کسی انسان کو اپنے سے پہلے ترجیح دے دیتے ہیں تو پھر ان کے سامنے آپ کو اپنے مسائل بہت چھوٹے نظر آتے ہیں۔ آپ کی ترجیحات بھی پھر اسی انسان کی پسند ، نا پسند اور ضروریات سے جڑ جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور اداکار ہم مختلف لوگوں کے ساتھ کام کرتے ہیں جنہیں ہم جانتے تک نہیں ہیں۔ اسی لئے ہمیں اس صلاحیت میں بھی کمال حاصل ہوجاتا ہے کہ ہم فوراً ایک ماحول سے خود کو نکال کر بالکل الگ ماحول میں خود کو بخوبی ڈھال لیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہی چیز ہم دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ طلاق کے بعد بھی ایک دوسرے کی عزت کرنے اور اچھے تعلقات کو قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔