طالبان کے فیصلوں کے باعث افغان ٹیم کیخلاف سیریز سے دستبردار ہوئے، نک ہوکلے

eAwazکھیل

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا ہے کہ طالبان کے خواتین کے حقوق سے متعلق فیصلوں کے باعث کرکٹ سیریز سے دستبردار ہونا پڑا۔

نک ہوکلے نے افغانستان کے خلاف کرکٹ سیریز سے دستبرداری کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے نومبر اور دسمبر کے فیصلوں نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق میں فرق ڈالنے کے اشارے دیے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق میں فرق کی وجہ سے ہمیں دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔

نک ہوکلے نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبرداری کے فیصلے کو ہم نے ہلکا نہیں لیا، اس حوالے سے حکومت سے تفصیلی مشاورت کی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ یہ بڑی چیلنجنگ اور افسوس ناک صورتِ حال ہے۔

نک ہوکلے نے کہا کہ ہم سیریز کھیلنے کے لیے پُرامید تھے اور افغان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کی مذمت کی تھی اور کرکٹر نوین الحق نے احتجاجاً بگ بیش لیگ چھوڑ نے کا اعلان کیا تھا۔

علاوہ ازیں افغان کرکٹر راشد خان نے بھی کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔