لاہور / اسلام آباد: بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے استعمال شدہ پانی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بین الاقوامی پروازوں کی مکمل چیکنگ اور نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے ایوی ایشن حکام کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے ویسٹ واٹر کے سیمپل لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایوی ایشن اتھارٹی سیمپل کے حصول کے لیے باقاعدہ نظام مرتب کرے۔
علاوہ ازیں قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 066 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 15 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.49 فیصد رہی ہے۔
مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔