چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ قرار

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک نئی سروس نے صارفین کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے ٹک ٹاک اور انسٹا گرام جیسی مقبول ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اوپن اے آئی نامی کمپنی کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کو تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ قرار دیا گیا ہے۔

یو بی ایس کی ایک تحقیق کے مطابق یہ چیٹ بوٹ دسمبر 2022 میں عوام کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور پہلے مہینے میں ہی اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 5 کروڑ 70 لاکھ ہوگئی تھی۔

جنوری 2023 کے اختتام پر اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

اس کے مقابلے میں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو یہ سنگ میل حاصل کرنے میں 9 ماہ کا عرصہ لگا جبکہ انسٹاگرام کو 10 کروڑ ماہانہ صارفین کے لیے ڈھائی سال تک انتظار کرنا پڑا۔

اس تحقیق کے لیے Similarweb کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ 20 سال کے دوران کسی انٹرنیٹ ایپ کے صارفین کی تعداد میں اتنی تیزی سے اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

تحقیق کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد جنوری 2023 کے آخر میں اوسطاً ایک کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی تھی جو دسمبر میں 60 لاکھ کے قریب تھی۔

واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرنے والے افراد آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں، مضامین لکھوا سکتے ہیں اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس چیٹ بوٹ کو بنگ سرچ انجن کا حصہ بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ اوپن اے آئی میں مزید سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ گوگل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کو سرچ بزنس کے لیے ایک خطرے کے طور پر دیکھا جارہا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔