دوا ساز کمپنیوں کا ایک ہفتے بعد دواؤں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان

eAwazصحت

فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنما قاضی منصور دلاور کے مطابق ڈالر مہنگا ہونے سے خام مال مہنگا ہوگیا ہے جبکہ بجلی اور گیس بھی مہنگی ہوچکی ہے، ایسے میں موجودہ قیمت پر دوا بنانا ممکن نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک ہفتے بعد ادویات کی پیداوار بند کردیں گے، ڈالر کی قدر میں بے تحاشا اضافہ ادویات کی موجودہ قیمتوں پر پیداوار ممکن نہیں، مختلف کمپنیوں نے حکومت اور ڈریپ کو پیداوار بند کرنے کے نوٹس دینا شروع کردیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی کی 10 کمپنیاں پیداوار بند کرنے کے نوٹس دے چکیں، ایک ہفتے کے بعد ادویات کی پیداوار اور سپلائی کمپنیوں کیلئے ممکن نہیں رہے گی، خام مال،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، اگلے چند دنوں میں تمام دواسازکمپنیاں پیداوار بند کرنے کے نوٹس دیں گی۔

قاضی منصور دلاور کا کہنا تھاکہ حکومت اور ڈریپ کو ادویہ ساز کمپنیوں اور عوام کی مشکلات کا احساس نہیں۔

دوسری جانب ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی کسی دوا ساز کمپنی نے نہ نوٹس دیا ہے نہ ہی زبانی طور پر دوا سازی بند کرنے سے آگاہ کیا ہے