نگراں حکومتِ پنجاب نے رِٹ قائم کرنے کیلئے پولیس کو فری ہینڈ دیدیا

eAwazآس پاس

نگراں حکومتِ پنجاب نے رِٹ قائم کرنے کے لیے پولیس کو فری ہینڈ دے دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو پولیس کو دھمکانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی کی طرف سے پولیس پر مسلسل تشدد کے باوجود پولیس کو روکتا رہا، زمان پارک سے پولیس کو واپس آنے کے لیے کہا اور پولیس کو کوئی کارروائی کرنے نہیں دی۔

پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بہت صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، اب انہیں مزید نہیں روک سکتا، اب پولیس کی طرف جو ہاتھ اٹھایا جائے گا توڑ دیا جائے گا۔

انہوں نے گزشتہ 5 سے 7 دنوں کے دوران زمان پارک کے اطراف ہونے والے واقعات پر جے آئی ٹی بنانے کا بھی اعلان کر دیا۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن آج شام تک جاری ہو جائے گا، کسی کو حق نہیں کہ پولیس پر الزامات لگائے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی کو حق نہیں کہ پولیس کو دھمکیاں دے، اگر آئی جی اور ڈی پی او پر اعتماد نہیں تو پولیس کی سیکیورٹی واپس کر دیں، یہ نہیں ہو گا کہ پولیس والوں کو گالیاں دو اور کہو کہ ہمیں سیکیورٹی بھی دو۔

پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر معمولی زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے 1 لاکھ اور زیادہ زخمی اہلکاروں کے لیے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔