پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن ملتوی

eAwazآس پاس

پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے الیکشن ملتوی کردیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا با ضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول واپس لے لیا، جبکہ صدر مملکت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کے خط پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ، دفاع اور داخلہ کے مؤقف کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات میں الیکشنز کیلئے فنڈز نہیں دیے جا سکتے، کابینہ کی جانب سے فیصلے سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر کروانےکیلئے پابند کرنے کی درخواست نا قابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نےشہری منیر احمد کی درخواست پر فیصلہ دیا تھا۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے، اس لیے الیکشن کمیشن کو انتخابات کروانے کا پابند کیا جائے۔