میک اپ برشز میں ٹوائلٹ سیٹ سے بھی زیادہ بیکٹیریاز موجود ہونے کا انکشاف

eAwazصحت

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بغیر دھلے میک اپ برشز میں ٹوائلٹ سیٹ سے بھی زیادہ بیکٹیریاز موجود ہوتے ہیں۔

کاسمیٹک ٹولز بنانے والے برانڈ ’اسپیکٹرم کلیکشنز‘ کی جانب سے کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بیڈروم، وینٹی، برش بیگ، میک اپ بیگ، باتھ روم ہولڈر یا دراز میں رکھے ہوئے میک اپ برشز اگر دو ہفتوں کے دوران ایک بار بھی نہیں دھلے ہیں تو یہ ٹوائلٹ سیٹ سے بھی زیادہ گندے ہیں۔

تحقیق کے دوران محققین کی جانب سے 2 ہفتوں سے نہ دھلے ہوئے اور صاف ستھرے سمجھے جانے والے برشز اور ٹوائلٹ سیٹ سے لیے گئے سیمپلز کا آپس میں موازنہ کیا گیا۔

تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے میک اپ برشز میں ایک عام ٹوائلٹ سیٹ سے بھی زیادہ بیکٹیریاز پائے جاتے ہیں۔

میک اپ برشز اور ٹوائلٹ سیٹ کے موازنے کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ برشز کے رکھنے کی جگہ کونسی ہے اس سے بھی اِن کی صفائی پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔

’نیویارک پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق کاسمیٹک سائنسدان کارلی موصلیح نے سپیکٹرم کلیکشن کو تحقیق کے نتائج سے متعلق بتایا کہ میک اپ برشز بیکٹیریا، جِلد کے مردہ خلیات اور تیل کو چہرے سے دوسری مصنوعات میں منتقل کر سکتے ہیں، اگرچہ تمام بیکٹیریاز نقصان دہ نہیں ہوتے لیکن بار بار گندے برش کا استعمال ایکنی یا جِلد کے دیگر نقصانات کا باعث بن سکتا ہے۔