سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا ایس آر او منسوخ

eAwazصحت

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مقامی سطح پر تیار ہونے والے سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا ایس آر او منسوخ کردیا ہے۔

اس اقدام سے مقامی سطح پر تیار ہونیوالے سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح اور سگریٹ کی قیمت پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)نے گزشتہ روز جاری کردہ ایس آر او نمبری 515(I)/2023 کے زریعے چودہ فروری 2023 کو جاری کردہ ایس آر او نمبری 178(I)/2023 منسوخ کردیا ہے.

ایف بی آر نے منسوخ کردہ ایس آر او کے تحت فروری 2023میں نو ہزار روپے فی ایک ہزار سگریٹ کی پرنٹ شدہ پرچون قیمت رکھنے والے مقامی سطع تیار ہونیوالے سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھا کر پانچ ہزار پچاس روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی تھی.

جبکہ نو ہزار پچاس روپے فی ہزار سگریٹ سے زائد کی پرنٹ شدہ پرچون قیمت کے حامل مقامی سطح پر تیار ہونیوالے سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح بڑھا کر سولہ ہزار پانچ سو روپے فی ہزار سگریٹ کردی تھی.

اب اس ایس آر او کی منسوخی سے یہ تاثر پیدا ہوا تھا کہ ایف بی آر نے فروری میں سگریٹ پر عائد کردہ اضافہ شدہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کردی ہے جس سے سگریٹ سستے ہوجائیں گے جبکہ یہ تاثر غلط ہے.

اس بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئیر افسر سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس وقت منی بجٹ کیلئے جو ترمیمی فنانس بل پیش کیا گیا تھا وہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ایکٹ بن چکا ہے اور سگریٹ پر یہ اضافہ شدہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اس قانون کا حصہ بن چکی ہے اس لئے یہ ایس آر او غیر ضروری ہوگیا تھا.

انہوں نے کہا کہ ابہام و سقم کو دور کرنے کیلئے یہ ایس آر او منسوخ کیا گیا ہے کیونکہ جس وقت یہ ایس آر او جاری ہوا تھا اس وقت ترمیمی فنانس بل پارلیمنٹ میں پیش ہوا تھا مگر منظوری کے بعد ایکٹ نہیں بنا تھا بعد میں چونکہ منظور ہوکر ایکٹ بن گیا تھا اس لیے یہ ایس آر او غیر موثر و غیر ضروری ہوگیا تھا لہذا اس ایس آر کے ختم ہونے سے سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح پر نہ کوئی فرق پڑے گا اور نہ ہی سگریٹ کی قیمت پر کوئی اثر پڑے گا۔