ساؤتھ کوریا: گوگل کے نئے لیکن جیب پر کم بھاری اسمارٹ فون پکسل سیون اے کے متعلق کچھ نئی تفصیلات ملی ہیں۔
اسمارٹ فون مارکیٹ کی سُن گُن لینے والی ویب سائٹس نے بتایا ہے کہ یہ اسمارٹ فون 10 مئی کو ریلیز کیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ اس کے ساتھ پکسل فولڈ اور پکسل ٹیبلٹ بھی موجود ہوگا۔
گوگل کی خبریں افشا کرنے والے رولینڈ کوانڈٹ نے بعض تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس میں کیمرے کو بہتر بنایا گیا ہے اور وائرلیس چارجر بھی ہوسکتا ہے۔
اس کا اسکرین سائز 6.1 انچ ایف ایچ ڈی اور او ایل ای ڈی صلاحیت کا ہوسکتا ہے جبکہ ریفریشنگ ریٹ کو بہتر بنا کر 90 ہرٹز تک لے جایا گیا ہے۔ اس میں ٹینسر جی ٹو چپ سیٹ موجود ہوگا جبکہ 18 واٹ کی تار والی چارجنگ سپورٹ شامل ہے۔ اسے پانی اور گردوغبار سے محفوظ بنانے کے لیے خاص اقدامات کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب بہت امکان ہے کہ اس میں وائرلیس چارجنگ بھی موجود ہوگی۔
دوہرے کیمرے میں 64 میگاپکسل کا پرائمری سینسر اور 13 میگاپکسل کا الٹراوائڈ سینسر نصب ہوگا۔ آگے کی جانب شوٹر کیمرہ نصب ہے جو 13 ایم پی کا ہے اور زوم کو قدرے بہتر بنایا گیا ہے۔ جلد کی رنگت کو یہ قدرتی اور حقیقی ٹون یا شیڈ میں ظاہر کرے گا۔
آڈیو کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کیمرے کی دھندلاہٹ ، نائٹ موڈ اور گوگل ون کی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔ جہاں تک رنگوں کا سوال ہے ہے تو سیاہ کارب، کاٹن، آرکٹک بلیو، اور کورل رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
خیال ہے کہ اس کی قیمت لگ بھگ 500 ڈالر ہوسکتی ہے۔