کیمبرج: مُٹاپے سے نجات پانے کے لیے لوگ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ ورزش ، کھانے کی مقدار اور اوقات کی پابندی کرتے ہوئے غذائی کھپت کا بھرپور خیال کرنے کے ساتھ دوا یا سرجری سے بھی گریز نہیں کرتے۔لیکن اب سائنس دان ایک ایسے قدرتی علاج کو وضع کرنے کے قریب ہیں جو لوگوں کو چکنائی پگھلانے میں مدد دے گا۔
محققین نے ایک تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی ہے براؤن فیٹ کو کس طرح سے فعال کیا جاسکتا ہے۔براؤن فیٹ جسم میں موجود مفید چکنائی ہوتی ہے جو سرد حالات میں بڑی مقدار میں حراروں کو جلاتی ہے۔
لوگوں کے پیٹ پر جمع ہو کر مُٹاپے کا سبب بننے والی مضر سفید چکنائی کے برعکس سائنس دان براؤن چکنائی کے جمع ہونے کو بہتر سمجھتے ہیں تاکہ وزن کم کرنے میں لوگوں کی مدد کی جاسکے۔
اگر اس چکنائی کو ٹھنڈ محسوس ہونے کے علاوہ کسی بھی وقت فعال کیا جا سکتا ہو تو یہ مرضی کے مطابق وزن کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
فی الحال اس علاج کے وضع ہونے میں کافی وقت ہے لیکن سائنس دان براؤن چکنائی کے کیلوریز جلانے کا سبب بننے والے پروٹین کا تفصیلی سالمی ڈھانچہ افشا کر کے علاج کے کافی نذدیک آگئے ہیں۔
’ان کپلنگ پروٹین 1 (UCP 1) نامی پروٹین ایک سائنسی معمہ ہے اور محققین یہ سمجھنا چاہتے ہیں کہ یہ پروٹین حراروں کو جلانے کے لیے کیسے فعال ہوتا ہے۔
لیکن اب سائنس دانوں کو غیر فعالی کے وقت پروٹین کے اندر موجود دو دروازوں کی پوزیشن کی تلاش کے بعد اس متعلق کچھ فہم حاصل ہوا ہے۔
جب یہ پروٹین غیر فعال ہوتا ہے تو اس کا اندرونی در بند ہوتا ہے اور بیرونی در کھلا ہوا ہوتا ہے۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ جب یہ پروٹین فعال ہوتے ہوں گے تو ان دروازوں کی پوزیشن الٹی ہوتی ہوگی۔
یونیورسٹی آف کیمبرج سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے سربراہ پروفیسر ایڈمنڈ کنجی کا کہنا تھا کہ پروٹین کا یہ ڈھانچہ سائنس دانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے گا کہ اس کو کیسے فعال کیا جائے۔