پاکستانی سائنسداں نےنطامِ شمسی میں حیات کے لیے ایک ضروری عنصر دریافت کرلیا

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

کراچی: پاکستانی سائنسداں اس اہم ٹیم کا حصہ ہیں جس نے ہمارے نطامِ شمسی میں حیات کے لیے ایک ضروری عنصر دریافت کرلیا ہے۔

کائنات میں کسی زندگی کے آثار تلاش کرنے والی اس ٹیم میں ڈاکٹر نوزیرخواجہ نے اہم کردار ادا کیا ہے جو یونیورسٹی آف فِریئے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے سیارہ زحل کے برفیلے چاند، اینسلیڈس پر فاسفورس دریافت کیا ہے جو حیات کے لیے انتہائی ضروری لیکن نایاب عنصر بھی ہے۔

جامعہ فِریئے سے وابستہ پروفیسر فرینک پوسٹبرگ بین الاقوامی سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ ہیں جنہوں نے کئی برس تک ناسا کے خلائی جہاز کیسینی کے ڈیٹا کا بغورجائزہ لے کر بتایا ہے کہ اینسلیڈس چاند کی گہرائی ایک وسیع سمندر موجود ہے جہاں فاسفیٹس کی شکل میں فاسفورس موجود ہے۔ یہ تحقیق بدھ 15 جون 2023 کو ممتاز سائنسی جریدے ’نیچر‘ میں شائع ہوئی ہے۔

’ہمارے نتائج بتاتے ہیں کہ اینسلیڈس کے سمندری پانی میں بڑی مقدارمیں فاسفیٹس موجود ہیں اور ہمارے ارضی کیمیائی تجربات بتاتے ہیں کہ کہ آخر زمینی سمندر کے مقابلے میں اینسلیڈس کے بحر میں اس اہم مرکب سے کیوں مالامال ہے،‘ پروفیسر فرینک پوسٹبرگ

فاسفورس ہماری زمین پر بھی ایک نایاب عنصر ہے جو مٹی کو زرخیز تو بناتا ہی ہے لیکن زندگی کی کتاب ڈی این اے اور اس سے وابستہ آراین اے کی تشکیل میں بنیادی ڈھانچے کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے برفیلا اینسلیڈس حیات کے لیے ایک موزوں ترین امیدوار ہوسکتا ہے۔