آپ ریمیک کے بجائے یہ دیکھیں کہ گانے کو کس طرح پیش کیا گیا: گلوکارہ شے گل

eAwazفن فنکار

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے پسوڑی کے بھارتی ری میک پر مداحوں کی تنقید کے بعد اب گلوکارہ شے گل کا ردعمل سامنے آگیا۔ ان کا کہنا ہے جسے ریمیک نہیں پسند وہ نہ سنیں۔

مداحوں کی جانب سے ری میک پر شدید تنقید کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے گلوکارہ شے گل نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر گانا پسند نہیں آیا تو اسے نہ سنیں۔

شے گل نے انسٹاگرام اسٹوری پر ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں کو کہا کہ ’میں یہ ویڈیو اس لیے بنا رہی ہوں کیونکہ میں پسوڑی ریمیک پر بات کرنا چاہ رہی تھی، مجھ سے بہت سارے لوگوں نے سوال کیا کہ کیا یہ میرا فیصلہ تھا، تو میں گانے کے حقوق نہیں رکھتی، اس لیے یہ گانا میں نے فروخت نہیں کیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ گانے کے ریمیک کے حوالے سے مجھے مداحوں کے ذریعے معلوم ہوا، میں سمجھ سکتی ہوں کہ آپ پسوڑی کے اصل گانے کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور اس حوالے سے میں آپ کی محبت کی بہت زیادہ شکر گزار ہوں جو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی، لیکن اس دوران میں نہیں چاہتی کہ آپ کسی کے لیے نفرت کا اظہار کریں، آپ ریمیک کے بجائے یہ دیکھیں کہ گانے کو کس طرح پیش کیا گیا‘۔

شے گل نے مداحوں کو کہا کہ جسے ریمیک پسند نہیں آیا وہ نفرت کا اظہار کرنے کے بجائے اسے مت سنیں، گھر والوں کے ساتھ آپس میں گانے سے ناپسدیدگی کا اظہار کرنا پھر بھی ٹھیک ہے لیکن اگر آپ سوشل میڈیا پر سب کے سامنے کسی کی بے عزتی کررہے ہیں تو یہ اچھا نہیں ہے، میں آپ سب کے ساتھ بس یہی کہنا چاہتی تھی‘۔