میٹا کی ’تھریڈز‘ ایپ ہرطرح سے مفت ہوگی، ایپ جلد لائیو

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

مینلوپارک: قارئین کو یاد ہوگا کہ چند ہفتے قبل ہم نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا کی ٹویٹرطرز کی ایپ بارسلونا کی خبر دی تھی۔ اب یہ ایپ جمعرات کو’تھریڈز‘ کے نام سے لائیو کی جارہی ہے۔

اس کے بعض اسکرین شاٹ سے ظاہر ہے کہ ڈیش بورڈ بہت حد تک ٹویٹر سے مشابہہ ہے جو انسٹاگرام کے لنک کے ساتھ کام کرے گا۔ اسے ٹیکسٹ اور گفتگو کی طرز پر ایپ میں ڈھالا گیا ہے جو ایک طرح سے ٹویٹر کی متبادل ہی ہے۔ اس کی پشت پر دو اہم عوامل ہیں۔

اول، ایلون مسک کے فیصلوں سے مقبول ہوئی ٹویٹر ایپ کو بہت دھچکا لگا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بڑی شخصیات اسے چھوڑ کر متبادل ایپ پر جاچکی ہیں۔ دوسری اہم وجہ، خود ایلون مسک اورمارک زکربرگ کے درمیان بھی چپقلش جاری ہے جو کئی سطح تک بڑھ چکی ہے۔

لیکن ٹویٹرنے اب ٹویٹر ڈیک کے لیے بھی ویریفائڈ اکاؤنٹ کی شرط عائد کردی ہے جس کے کچھ نہ کچھ اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کی بدولت ایلون مسک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سبسکرپشن کی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے برخلاف تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ میٹا کی ’تھریڈز‘ ایپ ہرطرح سے مفت ہوگی، اس میں پوسٹ اور الفاظ کی کوئی حد بھی نہیں رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ ٹویٹر طرز کی کئی ایپ منظرِ عام پر آئیں اور تیزی سے مقبول بھی ہوئیں، ان میں ٹرتھ سوشل اور مسٹوڈون نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ بلواسکائی نامی ایک ایپ نے تیزی سے ترقی کی تاہم ٹویٹر اب بھی مقبول ترین ہی ہے۔