ناخواندہ بھارتی سیاستدانوں پر تنقید کاجول کو مہنگی پڑ گئی

eAwazفن فنکار

ناخواندہ سیاست دانوں پر تنقید بالی ووڈ اداکارہ کاجول کو مہنگی پڑ گئی، ایک وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کسی ساستدان کی تضحیک نہیں صرف تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرنا چاہتی تھیں۔

واضح رہے کہ کاجول کی جانب سے گزشتہ روز جاری کمنٹس میں کہا گیا تھا کہ آجکل لوگوں پر وہ رہنما حکمران ہیں جنکا کوئی تعلیمی پس منظر نہیں ہے۔ انکے اس بیان پر سوشل میڈیا پر خاصا سخت ردعمل آیا۔

سن 1995 کی فلم دل والے دلہنیاں لے جائیں گے سے شہرت حاصل کرنے والی 48 سالہ کاجول نے آج ٹوئٹر پر اپنی مختصر پوسٹ میں کہا کہ ان کے کمنٹ کا مقصد کسی ساستدان کی توہین یا تضحیک کرنا نہیں تھی بلکہ تعلیم اور اس کی اہمیت پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنا تھا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کئی عظیم رہنما تھے جنہوں نے ملک کی درست سمت میں رہنمائی کی۔

یاد رہے کہ کاجول نے ایک آن لائن میڈیا پورٹل پر انٹرویو کے دوران خواتین کے ترقی کے عمل میں پیچھے رہ جانے سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ بھارت میں تبدیلی بہت سست ہے، اسکی وجہ روایتی سوچ ہے اور کچھ ایسا ہی تعلیم کے ساتھ ہے۔ آپکے پاس ایسے سیاسی رہنما ہیں جنکا کہ کوئی تعلیمی پس منظر نہیں ہے۔

مذکورہ بیان کا ویڈیو کلپ جب وائرل ہوا تو کاجول پر کافی تنقید کی گئی۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایک اسکول ڈراپ آؤٹ کاجول اب تعلیم اور ناخواندہ سیاستدانوں پر لیکچر دینگی۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ پہلے وہ اپنے اسکول کی تعلیم تو مکمل کرلیتیں۔

یاد رہے کہ کاجول نے فلمی کیریئر کے لیے اپنی اسکول کی تعلیم ادھوری چھوڑی تھی۔

ایک اور ٹوئٹ میں صارف نے کہا کہ کاجول صرف فلموں پر توجہ مرکوز کریں اور سیاست، حکومت اور انتظامی معاملات وغیرہ سے انکا کوئی تعلق نہیں۔

تنقید کے باوجود شیو سینا کی ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کاجول کے حق میں بول پڑیں اور انہوں نے کہا کہ کاجول کو بھی اپنی آرا کے اظہار کا حق ہے۔