پھول مکھانے جسم میں پیدا ہونے والے بُرے کولیسٹرول سے نجات دلاتے ہیں

eAwazصحت

غذائیت سے بھرپور غذا پھول مکھانے سے متعلق بہت کم افراد معلومات رکھتے ہیں، اِن سے متعلق جاننا اور بطور اسنیکس یا غذا اِن کا استعمال صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

مکھانوں کو فوکس نَٹس یا پھر لوٹَس سیڈز بھی کہا جاتا ہے۔ کیلشیم اور فائبر سے بھرپور پھول مکھانے جسم میں پیدا ہونے والے بُرے کولیسٹرول سے نجات دلاتے ہیں اور دل کو مضبوط اور صحت مند بناتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ پھول مکھانوں کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کر کے صحت سے متعلق بے شمار طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق پھول مکھانہ میں کاربوہائیڈریٹ کی موجودگی سمیت پروٹین، فائبر، میگنیشیم، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، فاسفورس اچھی مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ صحت مند زندگی کے لیے بہت ضروری ہے۔

اسی طرح مکھانوں میں کیلوریز اور چکنائی کم ہونے سمیت یہ گلوٹین سے پاک ہوتے ہیں جو اِنہیں صحت مند اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ بناتا ہے۔

پھول مکھانہ کے استعمال سے جہاں کیلشیم اور آئرن کی مناسب مقدار حاصل کی جا سکتی ہے وہیں یہ وزن میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے۔

انسانی جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ انفیکشن سے بچانے سمیت بہت سی متعدد بیماریوں کے جرثوموں کا بھی خاتمہ کرتے ہیں۔