روس: پیٹرول پمپ پر آگ لگنے سے 27 افراد ہلاک ہوگئے

eAwazآس پاس

روس کے جنوبی علاقے میں پیٹرول پمپ پر آگ لگنے سے 27 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق واقعہ روس کے جنوبی علاقے داغستان میں پیش آیا جہاں پیٹرول پمپ پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک 27 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق داغستان کے دارالحکومت مکھاچھکالا میں مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے پیٹرول پمپ پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ اب تک دھماکے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پمپ پر دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کے اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں جب کہ شدید زخمیوں کو ائیرکرافٹ کے ذریعے ماسکو منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے بعد لگنے والی آگ نے تقریباً 600 اسکوائر میٹر کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

روسی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد کا کہنا ہےکہ پیٹرول پمپ پر آگ پمپ کے عقب میں کھڑی کار میں دھماکے کے بعد لگی جس کے بعد ہر طرف آگ اور دھواں تھا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہےکہ پیٹرول پمپ کے قریب کھڑی گاڑی کی مرمت کے دوران اس میں دھماکا ہوا۔