سلمان خان کے مقدمے کی وجہ سے فلم کی ریٹنگ پر منفی اثرات مرتب ہوئے؛ امیشا پٹیل

eAwazفن فنکار

بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ امیشا پٹیل نے حال ہی میں اپنی فلم ‘یہ ہے جلوہ’ کی ناکامی پر بات کی۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے امیشا کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہے جلوہ’ باکس آفس پر بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی لیکن اس زمانے میں سلمان خان کے خلاف مقدمے کی کارروائی چل رہی تھی۔

امیشا پٹیل نے کہا کہ سلمان خان کے مقدمے کی وجہ سے فلم کی ریٹنگ پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہے جلوہ’ ڈیوڈ دھون کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی، سلمان خان کبھی بھی اتنے جاذب نظر نہیں لگے جتنا کہ اس فلم میں نظر آئے، موسیقی بھی عمدہ تھی، سب کچھ اچھا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ لیکن میں سمجھتی ہوں کہ میڈیا نے شائقین کو ایسی منفی خبریں تواتر کے ساتھ پہنچائیں جن کی اس زمانے میں قبولیت نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کا نیا نیا حادثہ ہوا تھا، اس وجہ سے ‘یہ ہے جلوہ’ پس منظر میں چلی گئی، اگر شائقین اس حادثے کی خبر کو اتنے منفی انداز میں نہ لیتے تو یہ فلم بہت کامیاب رہتی۔

خیال رہے کہ امیشا پٹیل اور سلمان خان کی فلم ‘یہ ہے جلوہ’ 3 جولائی 2002 کو ریلیز ہوئی تھی، 28 ستمبر 2002 کو سلمان خان کو غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔