کیلیفورنیا: اسمارٹ فونز میں گنگنا کر گانا ڈھونڈنا کوئی نئی چیز نہیں ہے۔ گوگل اسِسٹنٹ اور ساؤنڈ ہاؤنڈ نے یہ فیچر کافی عرصے سے صارفین کے لیے پیش کر رکھا ہے۔
البتہ،گوگل نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی یوٹیوب پر آزمائش کے لیے گُنگنا کر گانا ڈھونڈنے کا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے جس میں شناخت کے لیے چلنے والے گانے کو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی۔
گوگل کے مطابق صارفین کو تلاش شروع کرنے کے لیے یوٹیوب وائس سرچ میں سونگ فیچر میں جانے کی ضرورت ہوگی۔ جس کے بعد کم از تین سیکنڈ تک گانا گنگنانا ہوگا اوریوٹیوب پرموجود متعلقہ کونٹینٹ سامنے آ جائے گا۔
گانا گنگنا کر تلاش کرنے اور ریکارڈنگ کے فیچرز فی الحال اینڈرائیڈ پر انتہائی کم افراد کو یوٹیوب پر دستیاب ہیں جس کی وجہ ان فیچرز کا آزمائشی مراحل میں ہونا ہے۔ اس مرحلے سے گزرنے کے بعد فیچر میں تمام نقوص ہٹا کر عام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔ عین ممکن ہے یہ فیچر یوٹیوب میوزک پر بھی متعارف کرا دیا جائے۔
گوگل کی جانب سے یوٹیوب کے لیے صرف اس ہی فیچر کی آزمائش نہیں ہورہی بلکہ ایک اعلان کے مطابق گوگل سبسکرپشن فِیڈ میں ’چینل شیلف‘ کی بھی آزمائش کر رہا ہے۔ یہ فیچر تخلیق کاروں کی تازہ ترین اپ لوڈ کو شیلف میں لے آئے گا جس کے بعد صارفین کو چینل پر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔