بالی ووڈ کوئن کنگنا رناوت، جو فلم انڈسٹری میں موجود اقربا پروری پر بےباک تنقید اور اپنے خیالات کا اظہار کرتی رہتی ہیں، اب حال ہی میں انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز سے قبل خوف کا شکار ہوگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں بھارتی ہدایت کار کرن جوہر نے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر گفتگو کی۔
دوران شو میزبان نے کرن جوہر سے سوال کیا کہ ’وہ کون سا سیاسی ایونٹ فلم کی صورت میں دیکھنا پسند کریں گے؟
میزبان کے سوال پر ہدایت کار نے کنگنا رناوت کی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’ایمرجنسی، بنائی جارہی ہے، وہ دیکھنے کے لئے پُرجوش ہوں‘۔
کرن جوہر کی جانب سے اس تبصرے پر کنگنا رناوت نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ فلم کے حوالے سے خوفزدہ ہیں‘۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر مذکورہ موضوع کے حوالے سے ایک صارف کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے اپنا ردعمل ظاہر کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’ہا ہا پچھلی مرتبہ جب اس نے میری فلم ’مانیکرنیکا‘ کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ دیکھنے کے لئے پُرجوش ہے تو اس کی ریلیز کے وقت میرے خلاف بدترین مہم چلائی گئی اور کردار کشی کی گئی تھی۔
کنگنا نے مزید لکھا کہ ’فلم میں کام کرنے والے تقریباً تمام اہم اداکاروں کو میرے خلاف بولنے ، فلم کو سبوتاژ کرنے کے لئے پیسے دیئے گئے، ممکنہ طور پر جو ویک اینڈ میری زندگی کا کامیاب ترین ویک اینڈ ہوسکتا تھا وہ کسی ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہوگیا اور اب میں پھر خوفزدہ ہوں ، کیونکہ یہ پھر سے میری فلم دیکھنے کے لئے پُرجوش ہیں‘۔
خیال رہے کہ فلم ایمرجنسی سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی زندگی پر مبنی ہے اور کنگنا رناوت اس فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم رواں سال نومبر میں ریلیز کی جائے گی۔