سائفر کیس: عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

eAwazآس پاس, پاکستان

سائفر کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع ہو گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں ہو گی، سائفر کیس کی اٹک جیل کے اندر سماعت کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز وزارت قانون نے جاری کیا تھا۔

وزارت قانون کے مطابق سائفر کیس کی سماعت کیلئے وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اٹک جیل میں سماعت کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت کھلی عدالت میں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر اٹک جیل میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے لایا گیا اور حاضری لگائی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت بعد ازگر فتاری دائر کی اور ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے وکلا کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا مقدمہ بنتا ہی نہیں ہے، وکلا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی سے سیاسی انتقام کیلئے سائفر کیس بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے حاضری لگانےکے بعد عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔