ایکس سائبر حملوں کی زد میں، سوڈانی ہیکرز کا اسٹارلنک سیٹلائٹ سروس کا مطالبہ
سوڈانی ہیکنگ گروپ نے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کو ہیک کرکے ایلون مسک سے مطالبہ کیا کہ ان کے ملک میں اسٹار لنک سیٹلائٹ سروس شروع کی جائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم سوڈانی ہیکنگ گروپ نے درجن سے زائد ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سائبر حملہ کرکے اسے دو گھنٹوں سے زائد کے لئے بند کردیا، جس کے باعث ہزاروں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہیکرز نے ٹیلی گرام پر ایکس کے سربراہ ایلون مسک کے لئے پیغام جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے ملک سوڈان میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس ’ اسٹار لنک‘ فوری بنیادوں پر شروع کی جائے۔
میڈیا رہورٹس کے مطابق ڈاؤن ڈیٹیکٹر نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ انہیں امریکی اور برطانوی صارفین کی جانب سے تقریباً 20ہزار سے زائد شکایتی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔
بی بی سی نے انکشاف کیا کہ مذکورہ ہیکنگ گروہ نے ایکس کو ہیک کرنے کے لئے وہی طریقہ کار اپنایا جس کے لئے وہ پہلے ہی مشہور ہے یعنی بیک وقت ایکس کے سرورز پر غیر معمولی مقدار میں ٹریفک جاری کرکے اسے ڈاؤن کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکرز کا کہنا ہے کہ ڈسٹری بیوٹڈ ڈینیئل آف سروس (DDoS) پر نام نہاد حملہ سوڈان میں جاری جنگ کے حوالے سے آگاہی دینے کے لئے کیا گیا تھا، جس دوران انٹرنیٹ صارفین کو بندش یا سست رفتار انٹرنیٹ سروس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب ایکس نے سائبر حملوں کے باوجود اس کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی ایلون مسک نے سوڈان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے حوالے سے سوالات کا جواب دیا۔