کیلیفورنیا: سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے پروفائل فیڈ پر ایک بڑی تبدیلی متعارف کرائی ہے جس کے بعد صارفین تذبذب کا شکار ہوگئے ہیں۔
متعارف کرائی جانے والی تبدیلی کے تحٹ پلیٹ فارم پر پوسٹ کیے جانے والے لنک کی سرخی اور پریویو تصویر کے نیچے دی گئی تفصیلات واضح طور پر نہیں دیکھی جاسکیں گی۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین نے ایکس پر کی جانے والی پوسٹس کے درمیان فرق نہ کرسکنے کے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے ہیں۔
اس اپ ڈیٹ سے قبل ایکس پر پوسٹ کیے جانے والے لنک کی سرخی اور تصویر کے نیچے تفصیلی سطور موجود ہوتی تھیں۔ اب لنک بالکل اس ہی فارمیٹ میں ظاہر ہورہے ہیں جیسے تصاویر ظاہر ہوتی ہیں لیکن لنک پوسٹ میں نیچے کی جانب بائیں ہاتھ پر لنک ایڈرس سفید حروف میں درج ہوتا ہے جو اس کو تصویر سے علیحدہ کرتا ہے۔
ایکس صارفین پلیٹ فارم کی جانب سے کی جانے والی تبدیلی کی صورت میں لنک اور تصویر کے درمیان فرق نہ کر سکنے کی وجہ سے تذبذب کا شکار ہیں۔
ایکس پوسٹ میں ایک صارف نے کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی کے بعد وہ کسی تصویر اور آرٹیکل کے لنک کے درمیان فرق نہیں بتاسکتے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ اس تبدیلی نے صارف کے تجربے کو حقیقتاً خراب کر دیا ہے، لنک کو شیئر کرنا بالکل ویسا ہی ہے جیسے کسی نے کوئی تصویر شیئر کی ہو۔