سفارتی کوششیں بھی اسرائیل کو فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے سے نہ روک سکیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جس کے بعد شہداء کی تعداد ساڑھے 3 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار فلسطینی زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 2 گھروں پر اسرائیلی بمباری کے باعث 40 فلسطینی شہید ہو گئے، اسرائیلی فوج نے 12 فلسطینیوں کو غزہ کی بندرگاہ کے قریب بھی نشانہ بنایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نوصائرت کے علاقے میں مسجد پر بمباری کی گئی جس سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
دیر البلاح میں گھر پر بمباری سے بھی مزید 10 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دب گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں ہلالِ احمر کے ہیڈکوارٹر کے قریب اور القدس اسپتال کے ساتھ علاقے پر بھی بمباری کی گئی جبکہ الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں بھی بڑے پیمانے پر اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول پر بھی بمباری کے نتیجے میں کئی افراد شہید ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق البکری ہاؤس پر حملےمیں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ الزیتون نامی علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔