سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے صارفین کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کردیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایکس پر فیس بک، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ جیسا فیچر پیش کیا ہے۔
گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ایکس پر آڈیو یا ویڈیو کال فیچر کو پیش نہیں کیا گیا تھا، تاہم ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کو خریدے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ کو ایپ کی settings میں جاکر ”Enable audio and video calling“ کو سلیکٹ کرکے ٹرن آن کرنا ہوگا۔
اب جسے کال کرنی ہے اس کے DM میں جاکر فون آئکن کو کلک کرنا ہوگا جو آپ کی اسکرین کے اوپر کی طرف دائیں کونے میں موجود ہوگا اور آڈیو یا ویڈیو کال کا انتخاب کر کے کال کر سکتے ہیں۔
ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ پر اس فیچر کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم ایکس کی جانب سے لکھا گیا کہ ’کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘
تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ اس فیچر کو کتنے ممالک میں متعارف کروایا گیا ہے یا پھر اسے پریمیم صارفین کے علاوہ عام صارفین بھی استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔
تاہم پاکستان میں ابھی یہ فیچر متعارف نہیں ہوا ہے۔
دی ورج کے مطابق گزشتہ ماہ ہیش ٹیگ کے موجد اور اوپن سورس ایڈووکیٹ کرس میسینا نے لکھا تھا کہ یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پریمیم سبسکرپشن کے لیے سائن اپ کرنا ہوگا۔
ایلون مسک نے یہ تصدیق بھی کی تھی کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر کے لیے موبائل نمبر کی ضرورت نہیں پڑے گی، یعنی مذکورہ فیچر بلکل فیس بک میسینجر کے آڈیو اور ویڈیو کال فیچر کی طرح کام کرے گا۔
مذکورہ فیچر کے علاوہ مستقبل میں ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ٹوئٹر پر پیمنٹ فیچر کب تک پیش کیا جائے گا۔