کیلیفورنیا: میٹا کا ذیلی فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین گفتگو کرنے کے لیے اے آئی دوست بنا سکیں گے۔
انسٹاگرام کی جانب سے ایسے فیچر کے متعلق آگاہ کیا جانا یہ بتاتا ہے کہ میٹا اپنے صارفین کے لیے مصنوعی ذہانت کے متعدد فیچر پر کام کر رہا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ گفتگو کر سکیں گے۔
اس نئے فیچر کا خاص مقصد لوگوں کی تنہائی کو دور کرنا ہے اور اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے لوگ اپنے اے آئی دوستوں کا انتخاب کر تے ہوئے ان سے گفتگو کر سکیں گے۔
پلیٹ فارم میں اس نئے فیچر کی نشاندہی ایپ محقق ایلیسینڈرو پیلوزی کی جانب سے کی گئی۔ تاہم، کمپنی نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
مذکورہ فیچر کے حوالے سے ظاہر ہونے والا کوڈ بتاتا ہے لوگ اپنے اے آئی دوست کی جنس، عمر اور قومیت کا تعین کر سکیں گے۔ بعد ازاں ان کرداروں کی شخصیت کی خصوصیات کا تعین کیا جاسکے گا۔
آخر میں اس دوست کو نام اور چہرہ دیا جاسکے گا اور صارفین ان سے انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسج فیچر کے ذریعے بات کر سکیں گے۔
واضح رہے اس طرح کا فیچر میٹا کے دیگر پلیٹ فارم (جیسے کہ واٹس ایپ) پر متعارف کرایا جائے گا۔ جبکہ اسنیپ چیٹ جیسی دیگر ایپ میں بھی ایسے فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے جن میں اے آئی چیٹ بوٹس سے عام دوستوں کی طرح بات کی جاسکے گی۔