زیادہ جسمانی وزن سے معدے یا گردوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے؛ طبی تحقیق

eAwazصحت

کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔

اب ماہرین نے مردوں میں کینسر کے بہت تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے موٹاپا۔

یہ بات سویڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Gothenburg یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جو مرد 18 سال کی عمر میں زیادہ جسمانی وزن کے مالک ہوتے ہیں، ان میں بعد کی زندگی میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اب نئی تحقیق میں انہوں نے جسمانی وزن اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالی ہے۔

انہوں نے دریافت کیا کہ ناقص فٹنس کے مقابلے میں جوانی میں زیادہ جسمانی وزن کے مالک افراد میں کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں پھیپھڑوں، سر اور حلق، دماغ، تھائی رائیڈ، غذائی نالی، معدے، جگر، قولون، گردوں، مثانے اور جِلد سمیت کینسر کی 17 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے 14 لاکھ سے زائد مردوں کی طبی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے 84 ہزار میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد زیادہ جسمانی وزن کے مالک ہوتے ہیں، ان میں کینسر کی تشخیص کے چند برسوں بعد موت کا خطرہ نمایاں حد تک زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ جسمانی وزن سے معدے یا اس سے جڑے اعضا جیسے غذائی نالی یا گردوں وغیرہ کے کینسر کا خطرہ 3 سے 4 گنا زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ موٹاپے یا زیادہ جسمانی وزن کے مالک جوان افراد میں کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔