اداکارہ و ماڈل کرن اشفاق نے سیاسی رہنما سے دوسری شادی کرلی

eAwazفن فنکار

پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ، اداکارہ و ماڈل کرن اشفاق نے سیاسی رہنما حمزہ علی چوہدری سے دوسری شادی کر لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر لاہور میں ہونے والے اداکارہ کے نکاح کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

کرن اشفاق نے نکاح کے اس موقع پر سفید رنگ کے چوڑی دار پاجامہ اور کرتے کا انتخاب کیا جو ان کے اپنے برانڈ ’ریز بائی کرن دار‘ کا ہے، جبکہ سیاسی رہنما حمزہ علی چوہدری بھی دلہنیا سے میچنگ کرتے دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر و ویڈیوز کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے اداکارہ کو اس نئے سفر کے آغاز پر مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق 2018ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اِن دونوں کا ایک بیٹا ’روحان‘ ہے، تاہم گزشتہ برس اکتوبر میں عمران اشرف اور کرن اشفاق نے باضابطہ طور پر اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

علیحدگی کے بعد عمران اشرف اور کرن اشفاق دونوں مل کر روحان کی پرورش کر رہے ہیں۔

کرن اشفاق کے دوسرے شوہر حمزہ چوہدری کون ہیں؟
کرن اشفاق کے دوسرے شوہر حمزہ علی چوہدری نے اسلام آباد کی قائدِ اعظم یونیورسٹی سے قانون (ایل ایل بی) کی تعلیم حاصل کی اور وہ کارپوریٹ وکیل ہیں۔

اس کے علاوہ حمزہ علی صوبۂ پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے متحرک سیاسی رہنما بھی ہیں۔

خیال رہے کہ حمزہ علی چوہدری ماضی میں پروفیشنل کرکٹر بھی رہ چکے ہیں تاہم انہوں نے کبھی بین الاقوامی سطح پر قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔