بالی ووڈ کے معروف اداکار نعیم سعید المعروف جونیئر محمود کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جونیئر محمود کینسر میں مبتلا تھے، 2 ماہ قبل اسٹیج 4 پر جب کینسر کی تشخیض ہوئی تب تک مرض جگر اور پھپھڑوں کے بعد آنتوں تک پھیل چکا تھا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جمعرات کی رات ان کی طبعیت زیادہ بگڑی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ 67 سال کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی میں انتقال کر گئے۔
اداکار کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کے معروف اداکار آدیتیا پنچولی، کامیڈین جونی لیور، اداکارہ جیا بھٹا چاریہ سمیت کئی معروف شخصیات نے شرکت کی جبکہ کچھ عرصہ قبل مرحوم اداکار کی خواہش پر جیتندر ان کی عیادت کے لیے آئے تھے۔
واضح رہے کہ جونیئر محمود نے 1976ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنی اداکاری کے سفر کا آغاز کیا، ان کی پہلی فلم ’نونہال‘ تھی۔
ان کا فلمی کیریئر 5 دہائیوں پر مشتمل ہے اور انہوں نے 250 فلموں میں کام کیا ہے۔
جونیئر محمود کی ہٹ فلموں میں کٹی پتنگ، میرا نام جوکر، پرورش، دو اور دو پانچ شامل ہیں۔