چکنی غذاؤں کا کم استعمال وبائی بیماریوں کے خلاف بچنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے؛ تحقیق

eAwazصحت

کیلیفورنیا: ویسے تو کم چکنی غذاؤں کی کھپت وزن کم کرنے سمیت صحت کے لیے متعدد فوائد رکھتی ہے لیکن ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ چکنی غذاؤں کی کم کھپت کووڈ-19 جیسی وبائی بیماریوں کے خلاف بچنے میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا-ریورسائیڈ کے محققین نے تحقیق میں زیادہ چکنی غذائیں کھانے والے افراد کے جین ایکسپریشن (وہ عمل جس میں جین میں موجود معلومات کسی فعل میں بدلتی ہے) میں تشویش ناک تبدیلیاں دیکھیں۔

تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ چکنائی پر مبنی غذائیں جسم میں پروٹین کے جین ایکسپریشن کو بڑھا دیتی ہیں جن کو کووڈ پروٹین استعمال کرتے ہیں تاکہ جسم میں داخل ہو کر اس کو متاثر کیا جا سکے۔
جامعہ کے سیل بائیولوجی پروفیسر اور تحقیق کے سینئر مصنف فرانسس سلیڈیک کے مطابق آسان الفاظ میں بات یہ ہے کہ پودوں پر مبنی غذا صحت کے لیے بہتر ہوتی ہے اور بہت سے کیسز میں یہ سچ بھی ہے۔ البتہ، زیادہ چکنی غذا، چاہے وہ کسی پودے پر ہی مبنی کیوں نہ ہو ایک ایسا معاملہ ہے جس میں یہ بات درست نہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق بتاتی ہے کہ چکنائی پر مشتمل غذائیں نہ صرف مٹاپے، کولون کینسر یا پیٹ میں انفیکشن سے متعلقہ جینز کو متاثرکرتی ہیں بلکہ ان غذاؤں کا مدافعتی نظام، دماغی افعال اور کووڈ-19 کے خطرات سے تعلق رکھنے والے جینز پر بھی اثر ہوتا ہے۔

سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہونے والی تحقیق میں محققین نے چوہوں کہ تین گروہوں کو الگ الگ قسم کی غذا کھلائی۔ ان غذاؤں میں ایک غذا ایسی تھی جس میں کم از کم 40 فی صد حرارے چکنائی پر مشتمل تھے، ایک غذا ناریل کے تیل سے حاصل ہونے والی سیر شدہ چکنائی پر مبنی تھی جبکہ تیسری غذا جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سویا بین کے تیل سے حاصل ہوئے یک سیرشدہ چکنائی پر مبنی تھی۔

ان چوہوں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا کم چکنی غذائیں کھانے والے چوہوں کے گروپ سے موازنہ کیا گیا۔ 24 ہفتوں سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ کم چکنائی والی غذا کے مقابلے میں چوہوں کے تینوں گروہوں میں جین ایکسپریشن میں تشویش ناک تبدیلی رونما ہوئی۔