New Zealand defeated Pakistan in the second T20 match as well

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو ہرا دیا

eAwazکھیل

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی پاکستان کو ہرا کر 5 میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔

آج ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ہیملٹن میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگ کا آغاز کیا اور شروع سے تیز بیٹنگ کی۔

دونوں اوپنرز نے پارنر شپ قائم کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور 5.1 اوور میں 59 تک پہنچایا جس کے بعد ڈیون کونوے کو 20 رنز پر عامر جمال نے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

بعد ازاں کین ولیمسن اور فن ایلن نے بھی تیز رن ریٹ کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کی اور 10 اوورز میں ٹیم کا اسکور 111 تک پہنچا دیا، اس دوران فن ایلن نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

آدھی اننگز مکمل ہونے پر کپتان کین ولیمسن 26 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے جس کے بعد ڈیرل مچل بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے بھی تیزی کے ساتھ رن بنائے تاہم اس دوران پاکستان دوسری وکٹ لینے میں کامیاب ہو گیا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 12.5 اوورز میں 137 رنز پر گری جب اسامہ میر نے فن ایلن کو 74 رنز پر بولڈ کر دیا۔

اگلے اوور میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 147 رنز پر گر گئی جب ڈیرل مچل کو عباس آفریدی نے 17 رنز پر بولڈ کیا۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 16.1 اوورز میں 157 رنز پر گری جب مارک چیپمین کو عباس آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔

حارث رؤف کی ایک اوور میں 3 وکٹیں
نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 18.1 اوورز میں 182 رنز پر گری، اس مرتبہ گلین فلپس کو 13 رنز پر حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر ایڈم ملن کو بھی حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی اور ایک گیند بعد اوور کی چوتھی گیند پر انہوں نے اش سودھی کو بھی بولڈ کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی آخری وکٹ آخری اوور میں 192 رنز پر گری، مچل سینٹنر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 194 رنز بنائے۔

ٹم ساؤتھی 5 اور بین سیئرز ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان کین ولیمسن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کرنے کے لیے نہیں آئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، عباس آفریدی 2 جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔

شاہین آفریدی کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہ کرسکے
میچ میں کپتان شاہین آفریدی 4 اوورز میں 30 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

ہدف کے تعاقب کا آغاز
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے لیے اننگ کا آغاز صائم ایوب اور محمد رضوان نے کیا۔

صائم ایوب نے اپنی اننگ کا آغاز سنگل رن سے جبکہ محمد رضوان نے شاندار چھکا مار کر کیا جس کے بعد صائم ایوب پہلے ہی اوور میں ایک رن پر ہی کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اگلے اوور میں 10 رنز پر پاکستان کی دوسری وکٹ گری جب محمد رضوان 7 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعد ازاں بابر اعظم اور فخر زمان نے شاندا پارٹنر شپ قائم کی اور دونوں نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کا اسکور 97 تک پہنچایا، اس دوران فخر زمان نے نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم اس کے فوری بعد 9.4 اوورز میں وہ 50 رنز پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 11.5 اوورز میں 105 رنز پر گری، افتخار احمد 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں پاکستان کی پانچویں وکٹ 108 رنز پر گر گئی، اعظم خان 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بابر کی 36 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے ففٹی
ایک اینڈ سے وکٹس گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم دوسری طرف سے بابر اعظم نے بھی رنز بنانے کا سلسہ جاری رکھا اور انہوں نے اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 14.3 اوورز میں 125 رنز پر گری، اس مرتبہ عامر جمال 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی ساتویں وکٹ 17.1 اوورز میں 153 رنز پر گری جب بابر اعظم 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 18.2 اوورز میں 165 رنز پر گری جب شاہین آفریدی22 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلی ہی گیند پر اسامہ میر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی آخری وکٹ 19.3 اوورز میں 173 رنز پر گری، عباس آفریدی 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حارث رؤف 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملن نے 4 جبکہ ٹم ساؤتھی، بین سیئرز اور اش سودھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، میٹ ہینری کی جگہ مچل سینٹنر کو شامل کیا گیا ہے۔

ہملٹن میں اس میچ کے لیے آج پاکستان ٹیم نے پہلا میچ کھیلنے ہی والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔