بھارتی مصنفہ، کالم نگار، انٹیریئر ڈیزائنر، فلم پروڈیوسر اور سابقہ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 50 سالہ ٹوئنکل کھنہ نے یونیورسٹی آف لندن سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
اس موقع پر ان کے شوہر اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر گریجویشن تقریب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کو مبارک باد دی۔
اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ جب آپ نے دو سال پہلے مجھے بتایا تھا کہ آپ دوبارہ سے پڑھائی کرنا چاہتی ہیں تو مجھے حیرانی ہوئی تھی لیکن میں نے جب آپ کو گھریلو زندگی میں توازن برقرار رکھتے ہوئے بطور طالبعلم محنت کرتے ہوئے دیکھا تو میں جان گیا کہ میں نے سوپر ویمن سے شادی کی تھی۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ کاش میں بھی تھوڑا زیادہ پڑھ لیتا اور کچھ مزید الفاظ سیکھ لیتا تاکہ آپ کو بتا سکتا کہ مجھے آپ پر کتنا فخر ہے۔
اس سے قبل گزشتہ سال ٹوئنکل کھنہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی اعلیٰ تعلیم سے متعلق بتایا تھا کہ ان کی ڈگری ‘Creative and Life Writing’ میں تھی۔
واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی شادی کو 23 سال مکمل ہوچکے ہیں اور یہ دونوں 21 سالہ بیٹے اور 11 سالہ بیٹی کے والدین ہیں۔