غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کے بجائے اسرائیل سے تعلقات ختم کریں؛ علی خامنہ ای

eAwazاردو خبریں

تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اسلامی ممالک سے کہا ہےکہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کے بجائے اسرائیل سے تعلقات ختم کریں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی ممالک کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ گمراہ کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو جنگ بندی کی وکالت کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ ان کے بس سے باہر ہے بلکہ تمام اسلامک ممالک کو وہ اقدام لینا چاہیے جو ان کے اختیار میں ہے۔

علی خامنہ ای کا کہنا تھاکہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات منقطع کر لیں اور اس حکومت کی مدد نہ کریں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 25 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔