شوہر کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے گلوکاری شروع کی؛ پرینیتی چوپڑا

eAwazفن فنکار

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے کہا ہے کہ انہوں نے اداکاری کے بعد اب دوسرے پروفیشن کا آغاز بطور گلوکارہ کیا ہے اور اس میں ان کے شوہر راگھو چڈھا نے بہت زیادہ حوصلہ افزائی اور مدد کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران 35 سالہ پرینیتی چوپڑا کا کہنا تھا کہ کہ ان کے شوہر انکی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں اور وہ میری گلوکاری کے جذبے اور جنون سے بخوبی واقف ہیں۔

مانا کہ ہم یار نہیں، تیری مٹی اور مطلبی یاریاں کی گائیکہ کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ وہ ماضی کے بہت سے اداکاروں کی طرح پلے بیک سنگنگ کی جانب آئیں۔

واضح رہے کہ پرینیتی نے حال ہی میں اسٹیج پرفارمنس کے حوالے سے اپنے ڈیبیو کا آغاز ممبئی میوزک فیسٹول میں کیا۔ انہوں نے کہا یوں محسوس ہوا کہ میں ٹاپ آف دی ورلڈ ہوں، یقین نہیں آرہا کہ میں یہ ایونٹ کرنے میں کامیاب ہوگئی، جنم جنم سے خواب دیکھا کرتی تھی، جو بلآخر پورا ہوا، یہ یقین نہیں ہورہا ہے کہ میں نے دوسرا کیریئر شروع کردیا ہے اب میں اداکاری کے ساتھ میوزک بھی کروں گی، پہلے کوئی اور بالی ووڈ اداکارہ یہ نہیں کرسکی ہے۔

یاد رہے کہ پرینیتی چوپڑا بچپن میں موسیقی کے مقابلوں میں شریک ہوا کرتی تھیں، جبکہ کم لوگوں کو یہ معلوم ہوگا کہ وہ لڑکپن میں ڈی ڈی چینل کے لائیو شوز میں گایا کرتی تھیں۔

انکا کہنا ہے کہ انہوں نے ان کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے جو کہ اس سے قبل اریجیت سنگھ، بادشاہ اور نیہا ککڑ کو مینیج کرچکے ہیں۔

اس موقع پر اپنے شوہر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلوکاری کے حوالے سے میری روزانہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ایک عوامی شخصیت ہونے کی وجہ سے انہیں میرے شوق کا اندازہ تھا اسی لیے کہا کہ مجھے یہ کرنا چاہیے، اس سے کافی حوصلہ ملا۔