میں کڑوا سچ کہوں گا کہ پاکستان کرکٹ مایوس کن صورتحال میں ہے؛ مکی آرتھر

eAwazکھیل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ میں کڑوا سچ کہوں گا کہ پاکستان کرکٹ مایوس کن صورتحال میں ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد ہم لاہور واپس آگئے، ہم نے آسٹریلوی دورے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ہم نے تو ٹیم اور کمبینیشن کے بارے میں بھی سوچ لیا تھا لیکن جب پاکستان پہنچے تو یہاں مکمل خاموشی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ذکا اشرف ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہتے تھے، میں نے، گرانٹ بریڈ برن اور مینجر ریحان الحق نے انہیں پریزینٹیشن دی، ریویو کے اجلاس میں وقفہ آیا میں نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ سے لاجسٹک پر بات کی لیکن میں حیران تھا کہ اس ریویو میں اتنی بریک کیوں آگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران مجھے کان میں آہستہ سے بتایا گیا کہ ذکا اشرف مجھے اکیلے میوزیم میں ملنا چاہتے ہیں، ذکا اشرف نے بہت سوالات پوچھے اور پھر کہا کہ ہم سپورٹ اسٹاف اور کپتان کو ہٹانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کنٹریکٹ کے مطابق تین ماہ کی سیٹلمنٹ حاصل کی اگر فوری استعفیٰ دیتے تو ہمیں کچھ نہ ملتا۔

پی سی بی نے کہا کہ ہم نئی ذمہ داری دیں گے جوکہ ناممکن تھا، کنٹریکٹ کے مطابق آپ نئی ذمہ داری نہیں دے سکتے، میں اب بھی پاکستان ٹیم کو فالو کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔