سشمیتا سین کی اپنے بوائے فرینڈ روہمن شول سے شادی کی افواہوں کی تردید

eAwazفن فنکار

بالی وڈ کی جاذب نظر اداکارہ اور سابقہ مس یونیورس سشمیتا سین نے اپنے بوائے فرینڈ روہمن شول سے شادی کی افواہوں کی تردید کردی۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی شادی کے حوالے سے کہا کہ’پوری دنیا اور میرے مداح چاہتے ہیں کہ مجھے شادی کرلینی چاہیے، خاص طور پر عمر کے اس حصے میں تو مجھے جیون ساتھی کا انتخاب کرلینا چاہیے لیکن میں ان سب باتوں کو بالکل اہمیت نہیں دیتی’۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘میں یہ بات اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ میں شادی جیسے محبت بھرے رشتے کا احترام کرتی ہوں، خوش قسمتی سے میں کچھ ایسے ناقابل یقین لوگوں کو جانتی ہوں جن کا شمار کامیاب شادی شدہ لوگوں میں ہوتا ہے لیکن مجھے سب سے زیادہ یقین دوستی کے رشتے پر ہے’۔

سشمیتا نے کہا ‘اگر مجھے لگا کہ کوئی ایسا ہے جس سے میری اتنی اچھی دوستی ہے کہ ہم زندگی بھر ساتھ رہ سکیں تو میں ضرور اس بارے میں سوچوں گی، عزت اور دوستی بہت زیادہ اہم ہے، اس کے علاوہ آزادی بھی بہت ضروری ہے، اسی لیے مجھے اپنی آزادی اور اپنے کام کی فکر ہے اور میں انہیں اہمیت دیتی ہوں’۔

واضح رہے کہ سشمیتا اور روہمن نے 2018 میں ڈیٹنگ کا آغاز کیا تھا، بعدازاں 2021 میں ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے اپنے بریک اپ کا اعلان کیا تاہم اب بریک اپ کے 3 سال بعد بھی دونوں اکثر ایک ساتھ ایونٹس اور پارٹیز میں دکھائی دیتے ہیں۔