بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی میں برین اسٹروک کی تشخیص

eAwazفن فنکار

کولکتہ: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی کے دماغ میں اسکیمک سیریبرووسکولر اسٹروک (برین اسٹروک) کی تشخیص ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سینیئر اداکار متھن چکرورتی کو 10 فروری کی صبح سینے میں تکلیف، اوپری اور نچلے اعضاء میں کمزوری کی شکایت کے ساتھ کولکتہ کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اُن کے دماغ کا ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔

ایم آر آئی کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ متھن چکرورتی میں دماغ کے اسکیمک سیریبروواسکولر ایکسیڈنٹ (اسٹروک) کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اُن کا علاج جاری ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متھن چکرورتی مکمل طور پر ہوش میں ہیں، اُن کی صحت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، اُنہیں طاقت کے لیے ڈرپس لگائی جارہی ہیں اور ساتھ ہی نرم غذا بھی دی جارہی ہے۔

ڈاکٹر نے مزید کہا کہ متھن چکرورتی کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے سے پہلے اُن کا مزید طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اداکار کو گھر جانے کے بعد کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب متھن چکرورتی کی اسپتال سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مغربی بنگال بی جے پی کے سربراہ سکانتا مجمدار اداکار سے ملاقات کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ 10 فروری کی صبح متھن چکرورتی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ سے گھر واپس جارہے تھے کہ راستے میں اچانک اُن کی طبعیت بگڑ گئی تھی جس کے بعد اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔