پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو با آسانی 16 رنز سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنا سکی، بابر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے، جیسن رائے 75، سعود شکیل 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ20 اور محمد وسیم 4 رنز بناسکے، خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لُوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کی اننگز
207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر بابر اعظم اور صائم ایوب کے درمیان 91 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
پھر صائم ایوب 26 گیندوں پر 42 رنز بناکر بد قسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد محمد حارث 7، ٹام کوہلر18، پوویل 17اور موزلے نے 11 رنز بنائے۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 42 گیندون پر 68 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 190 رنز بناسکی اور یوں کوئٹہ نے میچ 16 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار حمد نے 2، محمد عامر، محمد وسیم اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سعود شکیل شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آج دوسرا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔