پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کےلیے 139 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یونائیٹڈ کی جانب ایلکس ہیلز نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو دھواں دار آغاز فراہم کیا، جبکہ انکے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے بھی محمد حسنین کے ایک ہی اوور میں 18 رنز بٹور لیے۔
سلمان علی آغا اور کولن منرو کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 69 کے مجموعے پر پہلے کولن منرو آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر یوں محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجا دے گی، تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کی رنز بنانے کی اسپیڈ کو بریک لگادی۔
گلیڈی ایٹرز کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے 4 اوور کے کوٹہ میں صرف 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، عبید شاہ کی جگہ حنین شاہ جبکہ ٹائمل ملز کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے۔
انہوں نے پچ کو بولرز بالخصوص اسپنرز کے لیے سازگار قرار دیا۔