اسمارٹ فونز اب ہماری زندگی کے لیے اہم بن چکے ہیں اور ہر وقت ان کا استعمال کیا جاتا ہے۔
اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اگر اچانک اسمارٹ فون بیٹری دم توڑنے لگے تو لوگوں کے بھی ہوش اڑنے لگتے ہیں۔
درحقیقت لوگوں کو اپنا فون روزانہ کم از کم ایک بار تو چارج کرنا پڑتا ہے۔
مگر ایک ایسا نیا اسمارٹ فون سامنے آیا ہے جسے ہر ہفتے صرف ایک بار چارج کرنے کی ضرورت ہوگی۔
جی ہاں واقعی ایک امریکی کمپنی انرجائزر کا نیا فون 28000 ایم اے ایچ کی بہت بڑی بیٹری سے لیس ہے۔
ہارڈ کیس پی 28 کے (P28K) نامی اس فون کو عام استعمال پر ہر ہفتے صرف ایک بار چارج کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اس کا اسٹینڈبائی ٹائم 2252 گھنٹے یا لگ بھگ 94 دن کا ہے، یعنی فون استعمال نہ کیا جائے تو اس کی بیٹری 3 ماہ تک کام کرے گی۔
اگر اس فون سے مسلسل بات کی جائے تو اس کی بیٹری 122 گھنٹے یا 5 دن تک کام کرے گی۔
اتنی بڑی بیٹری سے لیس ہونے کی وجہ سے یہ فون کافی موٹا ہے اور اس کا وزن بھی 570 گرام ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون کو مکمل چارج کرنے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگتا ہے کیونکہ اس کے ساتھ 36 واٹ چارجر دیا جائے گا۔
اس سے ہٹ کر فون میں 8 جی بی ریم، 256 جی بی اسٹوریج، بیک پر 3 کیمروں کاسیٹ اپ اور میڈیا ٹیک پراسیسر موجود ہے۔
اس فون کی قیمت 250 یورو رکھی گئی ہے اور یہ اکتوبر 2024 سے قبل فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا۔