وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشتگردوں کے خلاف جانوں کے قیمتی نذرانے دے کر ارض پاک کا تحفظ کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بی ایل اے کے دہشتگردوں کا حملہ بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنادیا تھا۔
کارروائی میں بی ایل اے کے تمام 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 35 سالہ سپاہی بہارخان اور 28 سال کے سپاہی عمران علی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے جبکہ سپاہی بہار خان شہید کا تعلق ڈی جی خان اور سپاہی عمران علی شہید خیرپور کے رہائشی تھے۔