عراق: ٹک ٹاک پرغیر اخلاقی مواد روکنے کیلئے پابندی کا امکان

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

عراق میں غیر اخلاقی مواد روکنے کیلئے سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی کا امکان ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزارت مواصلات نے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کے لیے درخواست کابینہ کو بھیج دی ہے۔

عراقی وزیرمواصلات کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی ملک میں غیر اخلاقی مواد روکنے کیلئے ضروری ہے۔اس ایپ میں تعلیمی مواد کی کمی اور اس کا مقصد مکمل طور پر تفریح فراہم کرنا ہے۔

عراقی وزیرمواصلات کے مطابق حکومت کے سخت اقدامات کے باعث عراق کو فحش مواد دیکھنے والے صارفین کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا، امریکا، کینیڈا اور برطانیہ ، نیپال سمیت بہت سے ممالک چینی ملکیت والی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے بارے میں خدشات کا اظہار کر چکے ہیں ۔

ان ممالک میں پرائیویسی اور ڈیٹا کی حفاظت کے خدشات کی وجہ سے سرکاری ڈیوائسز سے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔