امریکی صدرکا شہباز شریف کو خط، نومنتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

eAwazپاکستان

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا ہے اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط ہے۔

امریکی صدر نے اپنے خط میں نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کےعوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانےمیں اہم ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا اور خطےکو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہےگا اور صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

خط میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام، 2022 کے سیلاب کے اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ پاکستان کےساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ، ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

خیال رہے کہ یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدرکا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔

سائفر معاملے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کےآنےکے بعد امریکا کےساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری دیکھنے میں آئی۔