امریکہ ایک طرف ہوجائے، اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے؛ ایران

eAwazآس پاس

ایران نے امریکا کو متنبّہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک طرف ہوجائے کیونکہ وہ اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک تحریری پیغام میں امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے جال میں نہ پھنسے۔

ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہیے تاکہ آپ کو نقصان نہ پہنچے۔

محمد جمشیدی کا کہنا ہے کہ جواب میں امریکا نے ایران سے کہا کہ وہ امریکی اہداف کو نشانہ نہ بنائے۔

دوسری جانب ایرانی عہدیدار محمد جمشیدی کے بیان پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیغام ملا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کو خبردار کردیا ہے دمشق حملے کو امریکی اہلکاروں اور تنصیبات پر بطور حملے کے بہانے استعمال نہ کرے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ہائی الرٹ ہے اور خطے میں اسرائیل یا امریکی اہداف کے خلاف ایران کے اہم ردعمل کی تیاری کر رہا ہے۔

امریکی میڈیا نے شناخت ظاہر کیے بغیر دو امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عام شہریوں کے بجائے فوجی یا انٹیلی جنس اہداف پر اسرائیل کے اندر حملہ ہوسکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ ایران کروز میزائلوں اور شہید نامی ڈرونز کے غول کے ذریعے حملہ کر سکتا ہے۔

عہدیداروں نے کہا ہے کہ ابھی تک اس کا وقت اور ہدف معلوم نہیں لیکن دمشق حملے کا جواب کسی اسرائیلی سفارتی مشن پر حملہ ہوسکتا ہے اور یہ حملہ آج سے رمضان کے دوران کسی وقت ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہوگئے تھے۔