وزیر توانائی کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر

eAwazپاکستان

وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری نے ہر قسم کی بجلی چوری کے خاتمےکیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دیدی۔

وزیر توانائی نے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمےکیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر بجلی نے بجلی چوری کے خلاف کوششوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈسکوز کے ایس ایز، ایکسینز اور ایس ڈی اوز کو متعلقہ فیلڈ اسٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، عدم مطابقت یا متضاد شواہد پر محکمہ کے اہلکاروں کے خلاف قانونی، تادیبی کارروائیاں ہوں گی۔

اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینےکیلئے قوانین میں ترمیم کی جائیں گی، ملازمت سے برخاست کرنے میں رکاوٹ بننے والے قوانین میں ترامیم ہوں گی۔