وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ، پاک بھارت کشیدگی دور کرنے پر زور

eAwazپاکستان

ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی دور کرنےکے لیے بات چیت پر زور دیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ اور سعودی حکومت کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیےکے مطابق دونوں اطراف نے پاک بھارت مذاکرات کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا، دونوں ممالک کے دیرینہ مسائل خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بات چیت پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور معاشی تعاون پر زور دیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہدکو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنےکی دعوت دی ، سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔

اعلامیے کے مطابق باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔دونوں ملکوں کے درمیان 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کو تیزی سے آگے بڑھانےکے عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی۔غزہ میں پریشان کن صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ غزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشنز کو بند کرنے کی عالمی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں اسرائیل پر انسانی حقوق اور عالمی قوانین پر عملدرآمد کےلیے بین الاقوامی برادری کے دباؤ پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں سکیورٹی کونسل، جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے تحت امن عمل آگے بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔