ایران کا اسرائیل پر حملے کا خدشہ، بھارتی ایئرلائن کا ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز

eAwazآس پاس

اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال بند کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز نے آج صبح ایرانی فضائی حدود کا استعمال کرنے سے گریز کیا اور طویل راستہ اختیار کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپ جانے والی ایئر انڈیا کی تمام پروازوں کو اب منزل تک پہنچنے میں 2 گھنٹے کا اضافی وقت لگ سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے ایئر انڈیا کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ایرانی فضائی حدود کے جنوب سے پرواز کرتی ہیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں 2 جنگی بحری بیڑے تعینات کردیے ہیں۔

امریکی صدر پہلے ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر جلد حملے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امکان ہے ایران اسرائیل پر جلد حملہ کرے گا۔

دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ
واضح رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہو گئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کے بعد سے علاقے میں امریکی اور اسرائیلی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کی اسرائیل کو دھمکی
اس حوالے سے عید کے روز ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو دھمکی دی تھی۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے نمازِ عید پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی حکومت اسرائیل نے ایرانی سفارت خانے پر حملہ کر کے غلطی کی، اس کی اسرائیل کو سزا ضرور ملنی چاہیے اور ملے گی۔